اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ وہ حادثاتی طور پر فنکارہ بن گئی تھیں۔ نجی
ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر والے شو بز
میں آنے کے خلاف تھے لیکن اچانک ہماری خاندان دوست روحی بانو امی سے اجازت
لے کر مجھے لاہور لے گئیں۔ ان کے اصرار پر پی ٹی وی میں ریکارڈنگ دیکھنے
گئی تو پتہ چلا کہ ڈرامے کی مرکزی کردار کرنے والی فنکارہ نہیں آسکی تو
ڈائریکٹر نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کو اداکاری کا شوق ہے۔ میں نے کہا میں کیسے
کروں گی، مجھے تو کچھ آتا ہی نہیں اور پھر امی کے غصے کا بھی خیال آیا مگر
ڈائریکٹر نے کہا کوئی مشکل کام نہیں ہے اور وقت بھی زیادہ نہیں لگے گا۔
میں نے ان کے دیے ہوئے مکالمے سیٹ پر جا کر بول دیئے۔ میں نے کراچی واپس
آکر بھی گھر والوں کو کچھ نہیں بتایا لیکن پھر آہستہ آہستہ شوق پروان چڑھنے
لگا تو ایک حد تک کام کرنے کی اجازت مل گئی۔ اللہ کے کرم سے منتخب ڈراموں
میں کام کیا۔ نام کمایا آج بھی اسی طرز پر کم اور اچھے ڈرامے کر رہی ہوں۔
”بنٹی آئی لو یو“ کو انہوں نے ایک اچھا سیریل قرار دیا۔ علاوہ ازیں انہوں
نے اپنے آن ایئر ڈرامے ”ڈائجسٹ رائٹر“ کو ایک اچھے ڈرامے سے تعبیر کیا۔