Pages

لو پھر بسنت آئی،10نومبر کو الحمرا میں دکھایا جائے گا

شاہد ندیم کا تحریر کیا ہوا اجوکا تھیٹر کا کھیل ”لوپھربسنت آئی“ 10اور 11نومبر کو الحمرا ہال نمبر 2میں پیش کیا جائے گا۔ یہ ڈرامہ لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے پیش کیا جائے گا۔ اس کی ڈائریکٹر بھی مدیحہ گوہر ہیں۔ پلے کی کہانی ایک خوبصورت شہر ”زندہ دل“ کی کہانی ہے جس کو بیرونی حملہ آوروں سے بچانے کے لئے تو دیواریں تعمیر کرلی جاتی ہیں۔ لیکن، اندر کے لوگ دشمنوں کے ساتھ مل کر شہرکو دشمنوں کے ہاتھ میں دے دیتے ہیں۔ ڈرامے کا مرکز ’استاد موجو‘ کا کردار ہے جس کا خاندان صدیوں سے پتنگیں بناتا چلا آیا ہے۔ایک استاد ہے جسے بتایا جاتا ہے کہ اسے کیا پڑھانا ہے اورکیا نہیں۔ ایک نوجوان محبت کرنے والا جوڑا ہے جسے کالج میں ایک بینچ پر بیٹھنے کی اجازت نہیں اور ایک بچہ ہے جسے خواب میں ’رانی‘ پتنگ نظرآتی ہے۔ ایک روک تھام کمیٹی بھی ہے جس کا کام اس بات پر نظر رکھنا ہے کہ شہر میں بسنت نہ منائی جا سکے اور ڈرے سہمے جبر کی فضا میں سانس لیتے لوگوں کو کوئی سکھ اور خوشی کا لمحہ میسر نہ آسکے۔ ڈرامے کی کاسٹ میں ارشددرانی، عثمان راج، سہیل طارق، قیصر خان، پون سنگھ اروڑا، عباس حسین، صفیہ بٹ، رضیہ ملک، حنا طارق اور بلال مغل شامل ہیں۔